اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ نیب نے خود تسلیم کیا ہے کہ سسٹم میں قباحتیں ہیں اور سیاسی جماعتوں کو نیب کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں۔ احتساب کے عمل کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے نہیں دیں گے۔ پٹھان کوٹ سے متعلق اقدامات پر پاکستان کا تشخص دنیا میں بہتر ہوا ۔ پاکستان نے اپنی طرف اٹھنے والی انگلیوں کا رخ موڑ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر احسن اختر ناز کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پرویز رشید نے کہا کہ نیب کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں اور وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹوں کا ذکر متعدد بار کرتے رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ احتساب کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے اور نہ ہی احتساب کے عمل کو ترقی کے راستے کی رکاوٹ بننے دیا جائے گا۔ ترقی کی رفتار تیز نہ کی تو دنیا سے بہت پچھے رہ جائیں گے ۔ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر خود ہی وکیل اور خود ہی مدعی بن کر پگڑیاں اچھالتے اور جھوٹ بولتے ہیں اور جب عدالت ثبوت مانگتی ہے تو معافی مانگ لیتے ہیں۔ دھرنے کی وجہ سے پاکستان میں ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوگئے اور ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ پاکستان میں پٹھان کوٹ واقعہ کے حوالے سے قائم کمیٹی کے فیصلے پر عمل کیاجارہا ہے۔ پٹھان کوٹ کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو دنیا بھر میں اچھے انداز میں دیکھا گیا اور پاکستان کا تشخص بھی بہتر ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کو دہشت گردی کیلئے استعمال کرنے کا کسی کو بھی حق حاصل نہیں ہے اور نہ ہی دہشت گردوں کو ایسا کرنے دیں گے۔ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے اپنی طرف اٹھنے والی انگلیوں کا رخ موڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں کا اتفاق ہے اور اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جارہا ہے۔ آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے بعد ہم آج خود کو پہلے سے زیادہ محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ اس سے پہلے ڈاکٹر احسن اختر ناز کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کیا کہ ڈاکٹر احسن ناز کی پھیلائی ہوئی روشنی پاکستانی صحافت کو منور کرتی رہے گی اور ان کا بڑا موضوع صحافت میں اخلاقیات سے متعلق تھا۔
ویڈیو دیکھیں
احتساب کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے،پرویز رشید
20
فروری 2016
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں