لاہور(نیوزڈیسک)بحریہ ٹاﺅن کے سربراہ ملک ریاض نے کہا ہے کہ حالیہ شدید ترین زلزلے کے بعد ملک میں 23فیصد عمارتوں میں دڑاڑیں پڑ چکی ہیں اورحکومت کو اس کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے ،سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکٹری کی عمارت گرنے کے بعد ملبہ ہٹانے کےلئے بحریہ ٹاﺅن کی تمام مشینری پہنچا دی گئی ہے ، ر یسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد متاثرہ خاندانوں کیلئے امداد کا اعلان بھی کریں گے۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بحریہ ٹاﺅن کے سربراہ کا کہنا تھاکہ بحریہ ٹاﺅن میں موجود تمام ہیوی مشینری حادثے کی جگہ پر پہنچا دی گئی ہیں او رہمارے لوگ بھی وہاں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اگر ہمارے ہسپتال کی ضرورت پڑی تو وہ بھی حاضر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ شدید ترین زلزلے کے بعد ملک میں 23فیصد عمارتوںمیں دڑاڑیں پڑی ہیں اور راولپنڈی میںایک آٹھ سے دس منزلہ عمارت ایسی ہے جو کسی بھی وقت گر سکتی ہے ۔ ایسی عمارتیں چاہے بحریہ ٹاﺅن میں واقع ہیں ، گلبرگ ، مال روڈ یا کہیں بھی ہیں حکومت کو اس کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے ۔