راولپنڈی(نیوز ڈیسک)سابق وزیراعظم پاکستان بے نظیر بھٹو قتل کیس کے اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کے بیان پر جرح آج متوقع ہے ،اس حوالے سے خصوصی عدالت کمشنر آفس راولپنڈی میں لگائی جائیگی۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں بے نظیر بھٹو قتل کیس کے اہم گواہ مارک سیگل کے عدالت کو دئیے گئے بیان پر جرح آج شام کو متوقع ہے،اس موقع پرسابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے وکیل امریکی صحافی کے بیان پر جرح کرینگے۔گزشتہ سماعت میں وزارت خارجہ کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ امریکی صحافی مارک سیگل اپنے بیان پر جرح کے لیے 4اور 5نومبر کو دستیاب ہونگے۔واضح رہے کہ مارک سیگل نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں اپنا اہم بیان یکم اکتوبر کو واشنگٹن سے وڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرایاتھا۔