اسلام آباد(آن لائن) مشہور مقدمہ ایگزیکٹ سکینڈل میں شعیب شیخ کے چار ساتھیوں کی ضمانت منظور کرلی گئی ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے چاروں ملزمان کو تین تین لاکھ روپے کے مچلکہ ہائے ضمانت جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایگزیکٹ سکینڈل کیس کے چار ملزمان جن میں کرنل ریٹائرڈ جمیل احمد ، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ محمد یونس ، محمد امجد اور ڈینیل سینٹ جونز نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی جس کی سماعت پیر کے روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پرویز القادر میمن نے کی ۔ عدالت نے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد چاروں ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کو تین تین لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ جعلی ڈگریوں کی فروخت سکینڈل پاکستان میں نیویارک ٹائم کے نمائندے ڈکلن واش نے اٹھارہ مئی 2015ءکو ایگزیکٹ جعلی ڈگری سکینڈل کا بھانڈا پھوڑا تھا ڈکلن واش کے مطابق شعیب شیخ کی کمپنی ایگزیکٹ دنیا بھر میں لاکھوں روپے لے کر آن لائن جعلی ڈگریاں فروخت کرتی ہے جس کے بعد پاکستان میں ایف آئی اے نے ایگزیکٹ اور شعیب شیخ کیخلاف کارروائی شروع کی