اسلام آباد(نیوزڈیسک)ایم کیو ایم کے ارکان سینٹ کی جانب سے ایوان میں واپسی پر ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا گیا جبکہ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ایم کیو ایم کے استعفوں کی واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے ارکان کے استعفے سیاسی ہونے کے حوالے سے کافی مواد موجود تھاپیر کو سینٹ اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی کی قیادت میں اجلاس کے آغاز پر ایوان میں داخل ہوئے تو ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا خیر مقدم کیا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی کو ان کی نشست پر جاکر ایوان میں واپس آنے پر مبارکباد دی۔ایم کیو ایم کے سینٹ کے ارکان کی جانب سے ایوان میں واپسی کے بعد رولنگ دیتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے ایوان کو بتایا کہ ایم کیو ایم کے ارکان نے احتجاجاً دیئے گئے اپنے استعفے واپس لے لئے ہیں اور ایوان میں واپس آگئے ہیں میں نے اس حوالے سے ضروری رولنگ دی تھی‘ ایوان میں ان کے واپس آنے کے بعد اس حوالے سے عملی رولنگ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنی رولنگ پڑھ کر سنائی جس میں کہا گیا کہ چیئرمین سینٹ اور سپیکر کے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے کردار کو متنازعہ بنایا گیا‘ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے استعفوں کے بعد کہا تھا کہ حکومت ان کی بات نہیں سن رہی تھی اس لئے استعفے دیئے۔ اب چونکہ حکومت ان کی بات سن رہی ہے اس لئے انہوں نے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے ارکان کے استعفے سیاسی ہونے کے حوالے سے کافی مواد موجود تھا۔ استعفے موثر ہونے سے قبل ایم کیو ایم ارکان نے استعفے واپس لے لئے۔ چیئرمین نے کہا کہ ایم کیو ایم ارکان جتنا عرصہ احتجاجاً استعفوں پر رہے اس عرصہ کی چھٹی کی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے زیر التواءبزنس کے حوالے سے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ چیئرمین نے سینٹ سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ اس رولنگ کی کاپی صدر پاکستان‘ وزیراعظم پاکستان‘ سپریم کورٹ‘ ہائیکورٹس‘ وزارت قانون سمیت متعلقہ اداروں کو بھجوائی جائے۔استعفوں کی واپسی کے بعد خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ یہ ایوان وفاق کی نمائندگی کرتا ہے۔ چیئرمین کے شکر گزار ہیں ‘مجھ پر اس دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ ہے جس کی اس ایوان سے منظوری کے وقت میں نے مخالفت کی تھی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ‘ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے ملک کے لئے اور چھوٹے صوبوں اور جماعتوں کے لئے احترام کے جذبے کا مظاہرہ کیا ہے ہم نے احتجاجاً استعفے دیئے تھے، پارلیمان کے خلاف نہیں ہیں۔ وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار‘ وزیر اطلاعت و نشریات سینیٹر پرویز رشید کے شکرگزار ہیں جنہوں نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور ہمارے مطالبات پر ہم سے قابل احترام طریقے سے بات کی۔ ہم کراچی میں قانون کے مطابق معاملات چاہتے ہیں۔ ہم اس ایوان میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس ایوان میں واپس آنا ہمارے لئے اعزاز ہے۔