کراچی(نیوزڈیسک) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دووراہ امریکہ کے نتیجے میں قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا،چھوڑکر جانے والوں کا کوئی دکھ نہیں، جانتا تھا یہ بے وفا ہیں، جن کے پاس گئے ان سے بھی بے وفائی کریں گے، ملک سے لوٹا گردی ختم کرنا ہوگی، بینظیر کو بتایا تھا کہ ان کے پاکستان آنے پر لاءاینڈ آرڈر ی صورتحال خراب ہوگی مگر وہ نہ مانیں، بی بی کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی، مارک سیگل پیسے لے کر بدنام کر رہا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عوام آج بھی ان کے دور کی خوشحالی کو یاد کرتے ہیں، میاں برادران اپنے والد کی وفات پر یہاں آکر سیاست چمکانا چاہتے تھے انہیں کہا تھا کہ وہ ضرور پاکستا ن آئیں مگر رسومات ادا کر کے واپس چلے جائیں ، جب میاں برادران باہر تھے تو اس وقت حمزہ شہباز پاکستان میں رہ گیا تھا، میں نے اسکا ہر طرح سے تحفظ کیا اور اسکا خیال رکھا یہ بات حمزہ شہباز بھی جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واجپائی، منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی سے اچھے تعلقات رہے ہیں مگرنریندر مودی کا مسئلہ ہے ، بینظیر قتل کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مارک سیگل پیسے لیکر مجھے اور فوج کو بدنام کر رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے پوچھیں کہ اپنے دور اقتدار میں مجھ پر کیس کیوں نہیں کیا؟