اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغر نواز اور وزیر اطلاعات پرویز رشید نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں پر میڈیا کو بریفنگ دی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغر نواز کا کہنا تھا کہ ابتک ہیلی کاپٹر کی 73 امدادی پروازیں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بھجوائی جا چکی ہیں۔ تمام قومی شاہراہیں محفوظ ہیں، زلزلہ متاثرہ علاقوں میں اسپتالوں کو ذیادہ نقصان نہیں پہنچا، ان دنوں زلزلہ متاثرہ افراد کی تصدیق کا کام جاری ہے جس کے بعد متاثریں میں امدادی رقوم تقسیم کی جائیں گی۔ خیبر پختونخوا حکومت نے متاثرہ افراد کے لئے 2.8 ارب روپے جاری کر دئیے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ 26 اکتوبر کے زلزلے کے بعد 67 آفٹر شاکس آ چکے ہیں اور مزید بھی آتے رہیں گے۔ میجر جنرل اصغر نواز کا مزید کہنا تھا کہ ابتک امداد نہ ملنے سے کسی بھی شخص کی موت واقع نہیں ہوئی، وفاقی وزیر اطلاعات کا ایک سوال کے جواب پر کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری جہاں طے ہوئی تھی، وہیں بنے گی، قدرتی آفات اور زلزلوں کے ڈر سے منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ یکم نومبر سے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں برفباری اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے ہیلی کاپٹر کی پروازیں تعطل کا شکار ہو سکتی ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ تحصیل کی سطح پر امدادی سامان سٹاک کر سکیں۔