کراچی(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری شیر علی کو پی ٹی آئی میں شمولیت کیلیے دعوت دینے پر غورشروع کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شیر علی فیصل آباد میں (ن) لیگ کا دوسرا دھڑا بنانے پر بھی غورکر رہے ہیں، اگر چوہدری شیر علی کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی جاتی ہے تو چوہدری شیر علی سے ملاقات کے لیے پنجاب کے آرگنائزر اور سابق گورنر چوہدری سرور اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھیجا جائے گا۔سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کی یہ مضبوط وکٹ پی ٹی آئی کے کپتان گرانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو رواں برس مسلم لیگ (ن) کے لیے یہ دوسرا بڑا جھٹکا ہوگا، اس سے قبل چوہدری سرور نے گورنر پنجاب کے عہدے سے استعفیٰ دے کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔