ٹھٹھہ(نیوز ڈیسک)ٹھٹھہ ضلع میں ڈائریا اور گیسٹرو کی بیماری پھیلنے سے گزشتہ 3دن کے دوران ایک خاتون اور 3بچوں سمیت 4افراد انتقال کرگئے۔ ٹھٹھہ ضلع کے یوسی سونڈا کے گاؤ ں خمیسو خاصخیلی میں گیسٹرو اور ڈائریا کی وبا پھیلنے سے 3معصوم بچیاں انتقال کرگئیں۔گاؤ ں کے مزید 2بچے مذکورہ بیماری کے باعث سول اسپتال ٹھٹھہ میں داخل کیے گئے ہیں۔ 2دن پہلے ٹھٹھہ کی رہائشی خاتون نعمت شیخ بھی سول اسپتال مکلی میں ڈائریا کی وجہ سے انتقال کرگئیں۔ ورثاء کے مطابق ان کے علاقوں سونڈا، جھرک اور علی بحر میں صحت اور پینے کے صاف پانی کی سہولتیں میسر نہ ہونے کے باعث ان کے بچے انتقال کرگئے۔ ورثاء نے مطالبہ کیا کہ ان کے گاؤ ں میں پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے اور محکمہ صحت کی ٹیمیں بھیجیں جائیں تاکہ اس وبا کا خاتمہ کیا جا سکے۔