اسلام آباد(نیوزڈیسک)بھارت ہائی کمشنر کے ترجمان بلبیر سنگھ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں قائم بھارتی سفارت خانہ معمول کے مطابق پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کررہا ہے ، پاکستان شہریوں کو ویزے جاری کرنے میں کوئی تاخیر نہیں کی جارہی اور ہماری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق حال ہی میں انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت جانے والے پاکستانی شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ہندوستانی ہائی کمیشن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا”یہ بڑھاوا میڈیا کی جانب سے دیا گیا ہے جبکہ بھارت میں زمینی حقائق بالکل مختلف ہیں“۔انہوںنے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا دورہ کرنے والے پاکستانیوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت خارجہ بھارت میں پاکستانی سفارت خانے سے مسلسل رابطے میں ہے اور شیو سینا کی کارروائیوں کی وجہ سے پاکستانی شہریوں کے لیے یہ بہت اہم ہے کہ وہ اپنے سفارت خانے سے رابطے میں رہیں۔ایک حکومتی عہدیدار کے مطابق شیو سینا کی سرگرمیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور اگر حالات ایسے ہی رہے تو اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کی جاسکتی ہیں۔مذکورہ عہدیدار نے مزید بتایا کہ سفری ہدایات ابھی تک اس لیے جاری نہیں کی جاسکیں کیوں کہ ملک کی اعلی قیادت امریکہ کے سرکاری دورے پر ہے۔گزشتہ کئی روز سے شیو سینا کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور کھلاڑیوں کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔