اسلام آباد(نیوزڈیسک)قومی احتساب بیورو (نیب)کے ایگزیکٹو بورڈ نے سندھ کے سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق . سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر ارباب عالمگیر خان ان کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر .بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر محمد امین عمرانی . کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین محمد اسماعیل گجر . چیئر مین پی اے آر سی ڈاکٹر افتخار سمیت دیگر کے خلاف قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے .معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثہ رکھنے اور سرکاری اراضی غیر قانونی طورپر منتقل کر نے سمیت قومی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچانے پر انکوائری کر نے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مختلف وزراءاور اعلیٰ حکام کے خلاف چار شکایات کی تصدیق سمیت سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل ایئر کموڈور ریٹائر محمد جنید امین سمیت دیگر اعلیٰ افسران کے خلاف قومی خزانے کو دو ارب ساٹھ کروڑ روپے نقصان پہنچانے کے الزام پر دوبارہ انکوائری کر نے کی منظوری دیدی ہے ۔بورڈ کااجلاس بدھ کو یہاں چیئر مین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں نیب ہیڈ کوارٹرز میں ہوا ۔اجلاس میں پانچ انکوائریاں شروع کر نے کا فیصلہ کیا گیا جن میں پہلی انکوائری سندھ کے سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق وغیرہ کے خلاف ہے انہوںنے تیرہ ہزار اساتذہ کو غیر قانونی طورپر محکمہ تعلیم میں بھرتی کیا جس سے قومی خزانے کو چار ارب ساٹھ کروڑ روپے کا نقصان پہنچایاگیا ۔دوسری انکوائری معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر سابق وفاقی وزیر مواصلات ڈاکٹر ارباب عالمگیر خان اور ان کی اہلیہ سابق ایم این اے عاصمہ عالمگیر کے خلاف کر نے کا فیصلہ کیا گیا ۔تیسری انکوائری بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن محمد امین عمرانی کے خلاف کر نے کا فیصلہ کیا گیا ان کے خلاف بھی معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر تحقیقات کی جائےگی ۔چوتھی انکوائری چیئر مین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد اسماعیل گجر کے خلاف کر نے کا فیصلہ کیا گیا جنہیں سابق وزیر کا درجہ بھی حاصل تھا ان پر سر کاری اراضی غیر قانونی طورپر منتقل کر نے کا الزام ہے ۔پانچویں انکوائری چیئر مین پی اے آر سی ڈاکٹر افتخار احمد اور دیگر کے خلاف کر نے کی منظوری دی گئی ہے ان پر اختیارات کے ناجائز کے استعمال , فنڈز میں خورد برد کے الزامات ہیں ۔ایگزیکٹو بورڈ نے چار شکایات کی تصدیق کا بھی فیصلہ کیا جن میں سندھ کے وزیر عشر و زکواة دوست محمد کے خلاف کرپشن اور معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثے رکھنے ,دوسری شکایت نوشہرو فیروز کے حلقہ پی ایس 22سے ایم پی اے ڈاکٹر عبد الستار راجپڑ کے خلاف بد عنوانی اور معلوم آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر کی جائےگی ۔تیسری شکایت پنجاب یونیورسٹی کے افسران کے خلاف ہے جن پر کسی قانونی اختیار کے بغیر یونیورسٹی کی زمین حوالے کر نے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کی تحقیقات سے متعلق ہے ۔چوتھی شکایت وزارت تحفظ خوراک و تحقیق کے افسران اور حکام کے خلاف قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کی ہے جس کی تصدیق کی جائیگی ۔ایگزیکٹو بورڈ نے سول ایوی ایشن کے سابق ڈائریکٹر جنرل ائیر کموڈور ریٹائرڈ محمد جنید امین , سابق ڈپٹی ڈی جی ائیر وائس مارشل ریٹائرڈ سابق حبیب , سابق ڈائریکٹر ٹیکنکل ائیر کموڈور ریٹائر جاوید خان , سابق ڈائریکٹر ٹیکنیکل ائیر کمو ڈور ریٹائرڈ خالد علاﺅ الدین خان اور دیگر کے خلاف دوبارہ انکوائری کا بھی فیصلہ کیا ان پر پی سی ون اور پی سی ٹی وی منظوری اور ٹینڈر کے بغیر خریداریاں کر نے اور قومی خزانے کو دو ارب ساٹھ کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق ایم ڈی پیپکوطاہر بشار ت چیمہ اور سابق سی ای او گیپکو ابراہیم مجوکہ کے خلاف تحقیقات کا بھی فیصلہ کیا ان پر قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گیپکو میں 437ملازمین بھرتی کر نے کا الزا م ہے ۔سندھ پبلک سروس کمیشن کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی تقرریوں پر بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ایگزیکٹو بورڈ نے نجی ٹھیکیداروں کی ایک کروڑ 73لاکھ 71ہزار روپے رضا کارانہ طورپر واپس کر نے کی درخواست کی منظوری دیدی جبکہ نیشنل ہائی اتھارٹی خیبر پختون خوا کے افسران اور حکام کی رضا کارانہ واپسی کی درخواست مسترد کر دی گئی ان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات کی تحقیقات کر نے کا فیصلہ کیا ۔