اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاک ترک فضا ئیہ نے تاریخ رقم کردی،پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کی مشترکہ عالمی فضائی مشق ”TUSAP RAIDERS “ پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائیر بیس پر اختتام پذیر ہو گئی۔ 5 سے17 اکتوبر تک جاری رہنے والی اس فضائی مشق میں ترک فضائیہ کے 05 ایف سولہ (Fighting Falcons) طیاروں، پائلٹس اور تکنیکی عملے نے شرکت کی۔ ترک فضائیہ کی مشہور و معرف ائیروبیٹکس ٹیم نے بھی اس مشق میں حصہ لیا۔ اس مشق کا بنیادی مقصد اپنی فضائی جنگی صلاحیت اور مستقبل کے کسی بھی خطرے کیلئے فضائی جنگی قوت کے استعمال کو بہتر کرنا ہے۔ پاک فضائیہ اپنے فضائی اور زمینی عملے کی جنگی تربیت کیلئے دوست ممالک کی فضائی افواج کے اشتراک سے جنگی مشقوں کا انعقاد کرتی ہے۔ اسطرح کی مشقیں نہ صرف پاک فضائیہ کے فضائی عملے کی جنگی صلاحیتوں کو بڑھاتی ہیں بلکہ انہیں پیچیدہ جنگی خطرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے جدید ترین منصوبہ بندی اور فضائی قوت کے استعمال سے آگاہ کرتی ہیں۔پاکستان اور ترکی فوجی تعاون کی ایک وسیع تاریخ کے حامل ہیں۔ پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ باہمی تعاون کی فضا کو بہتر کرنے کیلئے کئی عشروں سے کامیابی کے ساتھ فضائی مشقوں کا انعقاد کرتی ہیں ا ور ”TUSAP RAIDERS “ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس فضائی مشق کے انعقاد سے دونوں فضائی افواج کے جنگی عملے کو مستقبل میں کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے اپنی جنگی قوت کے حقیقی استعمال سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا۔پاک فضائیہ با قاعدگی سے دنیا کی بہترین فضائی افواج جیسے امریکن فضائیہ، اٹالین فضائیہ ، ترک فضائیہ، چین کی پیپلز لیبرشن آرمی ائیر فورس(PLAA) اور دوسرے دوست ممالک کی فضائیہ کے ساتھ کئی عالمی فضائی مشقوں میں حصہ لیتی ہے تاکہ اپنے جنگی عملے کو مستقبل میں آنے والے خطرات سے نمٹنے کی بہترین تربیت میسر آ سکے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں