لاہور( نیوزڈیسک) پی پی 147کے ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد (ن) لیگ کے امیدوار محسن لطیف سیاسی منظر نامے سے غائب ہو گئے ،لیگی امیدوار کی شکست کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق 11اکتوبر کو لاہور میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد (ن) لیگ کے امیدوار میاںمحسن لطیف نے اپنی سیاسی سر گرمیاں بالکل معطل کر دی ہیں۔ جبکہ دوسری طرف ضمنی انتخاب میں کامیابی کے بعد این اے 122سے امیدوار سردار ایاز صادق مختلف مقامات پرجا کر ووٹروں کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ عبد العلیم خان بھی این اے 122کے انتخاب میں شکست کے بعد مسلسل سر گرمیاں کر رہے ہیں اور انہوںنے اپنے ووٹروں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے تاہم محسن لطیف نے کسی بھی جگہ رسماًبھی انہیں ووٹ دینے والوں کا شکریہ ادا نہیں کیا ۔ علاوہ ازیں میاںمحسن لطیف کی شکست کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں۔ یہ کہا جارہا ہے کہ محسن لطیف نے اپنے حلقے کو یکسر انداز کر رکھا تھا جسکی وجہ سے انہیںشکست ہوئی جبکہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ انہیں پارٹی کے بعض رہنماﺅں کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔