لاہور( نیوزڈیسک)اٹلی میں کشتی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید 3پاکستانیوں کے جسدخاکی وطن واپسی کے بعد لاہور ائیر پورٹ پر ورثا کے حوالے کردئیے گئے ۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے اس حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ جن افراد کے جسدخاکی ان کے ورثا کے حوالے کئے گئے ہیں ان میں ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے حیدر علی اورراشد حسین شاہ جبکہ ضلع منڈی بہاوالدین کے اقبال مظہر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے اٹلی کے کشتی حادثے میںجاں بحق افراد کے جسدخاکی ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے ۔ افضال بھٹی نے بتایا کہ 30ستمبر کو بھی اٹلی کشتی حادثے میں جاں بحق 8پاکستانیوں کے جسدخاکی ان کے عزیز و اقارب کے حوالے کئے گئے تھے۔