لاہور ( این این آئی) رجسٹرار الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122کے ضمنی انتخابات کے نتائج اور (ن) لیگ کے امیدوار سردار ایاز صادق کی نااہلی کے لئے درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی۔یہ انتخابی عذر داری اسی حلقہ سے عوامی تحریک کے ناکام امیدوار اشتیاق چودھری کی جانب سے دائر کی گئی ۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ (ن) لیگ نے اپنے امیدوار سردار ایاز صادق کو جتوانے کے لئے سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا۔وفاقی وزرا ءنے کھلم کھلا دھاندلی کرتے ہوئے ووٹرز کو طرح طرح کے لالچ دئیے ۔ انتخابات کے روز ووٹرز لسٹیں تبدیل کر کے تکنیکی دھاندلی کی گئی۔ بعض پولنگ سٹیشنز پر اپنے پولنگ ایجنٹس کو تاخیر سے پہنچایا جس سے پولنگ کا عمل بروقت شروع نہ ہو سکا۔تاخیر کی وجہ سے سینکڑوں ووٹرز حق رائے دہی استعمال کئے بغیر گھروں کو واپس چلے گئے ۔ درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ انتخابی دھاندلی کرنے پر انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے جبکہ سردار ایاز صادق کو بھی نااہل قرار دیا جائے۔تاہم رجسٹرار الیکشن ٹربیونل نے درخواست گزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی۔