اسلام آباد( نیوز ڈیسک) بزرگ شہریوں او ر پنشنرز کی مشکلات کے ازالے کیلئے چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان نے نوٹس لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ بنکوں میں پنشنرز کی قطاریں ختم کرنے کیلئے انہیں پنشن اے ٹی ایم کارڈ جاری کئے جائیں۔ جنگ رپورٹر طاہر خلیل کے مطابق اسلام آباد میں ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے بعض میڈیا رپورٹس پر کارروائی کی ہے اور بنکوں میں پنشن کے حصول کے منتظر بزرگ شہریوں کی قطاروں کا نوٹس لیا ہے اورڈی جی نیب (آگاہی وتدارک) کو ہدایت کی ہے کہ نیشنل بینک سے مل کر ایسا لائحہ عمل بنائیں کہ انہیں قطاروں میں کھڑا نہ ہونا پڑے پنشنرز کیلئے اے ٹی ایم کی طرز کا کارڈ جاری کیا جائے۔ چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ پنشنرز نے ساری زندگی ملک اور قوم کی خدمت کی ہے ان کی خدمات کا کھلے طور اعتراف ہونا چاہیے اور بنکوں میں پنشن کے حصول کیلئے ان کی مشکلات کاازالہ کیا جائے۔