قصور(نیوزڈیسک)وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے ایک بارپھرسب کوحیران کردیا. وزیر اعلیٰ پنجاب ہیلی پیڈ سے سیدھے ایک پرائیویٹ فلائنگ کوچ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال قصور پہنچ گئے۔ انہوں نے ڈیرھ گھنٹے سے زیادہ تک مختلف وارڈز کا دورہ کیا اورصفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق انہوں نے تمام وارڈز کا دورہ کیا ہے۔ باتھ رومز انتہائی گندے، ہسپتال کے بیڈز پر چادریں بھی انتہائی گندی اور میلی کچیلی تھیں جبکہ وارڈز میں لگے ہوئے تمام ایئر کنڈیشنرز بھی بند ہونے کی وجہ سے وزیر اعلیٰ بھی گرمی میں پسنے سے شرابور ہو گئے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے فوری طور پر انکوائری کمیٹی بنا دی۔ اس دوران انہوں نے ڈی سی او قصور، ای ڈی او ہیلتھ، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کی سخت الفاظ میں سرزنش بھی کی۔ انہوں نے ہسپتال میں پڑی ہوئی ادویات کے سٹور کا دورہ بھی کیا جہاں غیر معیاری ادویات ملنے پر ایکشن لیتے ہوئے انہوں نے ایک 5 رکنی کمیٹی بنا دی جو آج رات گئے تک ذمہ داران کا تعین کر کے رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیجے گی جس پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب جیسے ہی بذریعہ فلائنگ کوچ ہسپتال پہنچے ضلعی انتظامیہ کے افسر ان کو دیکھ کر ہکابکا رہ گئے تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈی سی او اور ڈی پی او قصور سے ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے دورے کی اطلاع کو خفیہ رکھنے کا کہا تھا تو پھر لوگوں میڈیا اور عوام کا جمِ غفیر جمع غفیر کیوں جمع کیا گیا ہے۔