کراچی(نیوزڈیسک) گلستان جوہر میں جو پلاٹ مٹی کا تودہ گرنے سے کئی افراد کی اجتماعی قبر بن گیا وہ وزیراعلی سندھ نے صوابدیدی اختیارات کے تحت 1995 میں پیپلز پارٹی کے رہنما ایاز سومرو کو الاٹ کیا تھا۔ایاز سومرو اس وقت رکن قومی اسمبلی ہیں اور انہوں نے پلاٹ کی نگرانی ایک ڈی ایس پی کے سپرد کررکھی تھی ۔ کے ڈی اے حکام کے مطابق گلستان جوہر بلاک ون کا پلاٹ نمبر 64/13 ڈی ایاز سومرو ولد خدابخش سومرو کو 1995 میں الاٹ ہوا ۔ کے ڈی اے کے ریکارڈ میں الاٹی کے گھر کا پتامکان نمبر 197 لاہوری محلہ لاڑکانہ کا درج ہے۔ایاز سومرو 2013 کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر لاڑکانہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں جبکہ اس سے پہلے وہ صوبائی وزیر قانون بھی رہ چکے ہیں۔ ایاز سومرو کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ ان دنوں امریکا میں ہیں اور لاہوری محلہ لاڑکانہ کا پتا ان کے پرانے گھر کا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تودہ جس مقام پر گرا ہے اس مقام پر 11 پلاٹس وزیراعلی سندھ نے اپنے صوابدیدی کوٹے کے تحت الاٹ کیے تھے، باقی تمام پلاٹس کے مالکان تبدیل ہوچکے ہیں لیکن ایاز سومرو کا پلاٹ آج بھی ان کے نام پر ہے اور انہوں نے اس پلاٹ کی نگرانی ڈی ایس پی جاوید عباس کو سونپ رکھی تھی، جنہوں نے اس پلاٹ پر کچھ لوگوں کو چوکیداری کیلئے ٹہرایا ہوا تھا