لاہور(نیوزڈیسک)صوبائی دارالحکومت لاہور کا حلقہ این اے 122کاضمنی انتخاب مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کےلئے سیاسی زندگی و موت کا مسئلہ بناہوا ہے ۔ سیاست میں دلچسپی رکھنے والوں کے درمیان بھی اس حلقے کے نتائج کے حوالے سے بحث و مباحثہ جاری ہے۔ دوسری طرف این اے 122کے نتائج پر بڑے پیمانے پر شرطیں بھی لگ گئی ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے این اے 122سے امیدوار سردار ایاز صادق نے حلقے کی عوام کے ساتھ موبائل فون پر رابطہ مہم شروع کر دی ۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے امیدوار عبد العلیم خان کی طرز پر موبائل پیغام کے ذریعے انتخابی مہم بھی شروع کر دی ہے ۔ موبائل فون پر122سے آنے والی کال میں سردار ایاز صادق کا ریکارڈڈ پیغام سنایا جاتا ہے جس میں (ن) لیگ کے امیدوار گزشتہ تین انتخابات میں کامیاب کرانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور 11اکتوبر کو ضمنی انتخاب کےلئے ووٹ کی درخواست کرتے ہیں ۔ پیغام میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کامیابیوں کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے ۔