کراچی(نیوزڈیسک) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ قربانی کی کھالیں جمع کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی،عوام مہاجر قومی موومنٹ کے نام پر کسی بھی شخص کو قربانی کی کھال نہ دیںاور اگر کوئی اس حوالے سے دباﺅ ڈالتا ہے تو اسکی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دی جائے۔عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ قربانی کی کھالوںکے اصل حقدار،غربا،نادار،بیمار افراد،مساکین اور حصول علم میں مشغول ایسے طلبہ ہیں جنکے پاس وسائل نہ ہوں۔آفاق احمد نے کہاکہ کراچی میں ہونے والی دہشت گردی میں کھالوں سے حاصل سرمائے کا بڑا عمل دخل ہے،مافیا طرز جماعت نے فلاحی تنظیم کی آڑ لے کر اس پیسے کو اسلحہ خریداری اور مہاجر نوجوانوں کے قتل کیلئے استعمال کیا اسکے علاوہ ایمبولینسوں میں مریضوں سے زیادہ ہتھیار منتقل کئے جاتے رہے ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ عوام کی تھوڑی سی ہمت اور حکمت کراچی میں قیام امن کیلئے سود مند ثابت ہوسکتی ہے،اگر قربانی کی کھالیں دہشت گردوں کو نہ دینے کا تہیہ کرلیا جائے،عوام متحد ہوکرزبردستی کھالیں چھیننے والوں کا سامنا کریں تو دہشت گردوں کو آکسیجن فراہم کرنے والے سرمائے سے کسی حد تک محروم کیا جاسکتا ہے اسکے علاوہ کھال قصاب کو اجرت میں دے کر اسکی قیمت کسی مستحق کو دے کر بھی دہشت گردوں کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔آفاق احمد نے مزید کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ خود انحصاری پر یقین رکھتی ہے۔عوام کے مسائل اپنے وسائل اور قوم کی مدد سے حل کریں گے جسکے لئے ہمیں قربانی کی کھالوں یا زکوٰة خیرات کی کوئی ضرورت نہیں۔