اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ نے گوانتانامو بے میں قید پاکستانیوں سے متعلق جائزہ کمیٹی کے قیام کے بارے رپورٹ طلب کر لی۔ پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بنچ نے گوانتا نامو بے میں قید پاکستانی شہری غلام ربانی کی رہائی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ امریکی سینیٹ کی رپورٹ کے مطابق غلام ربانی سمیت اب بھی 6 پاکستانی گوانتا نا مو بے جیل میں قید ہیں جنہیں پاکستانی حکام نے امریکا کے حوالے کیا تھا۔اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کو اتنا عرصہ گزرنے کے بعد کیس دائر کرنے کا خیال کیسے آ گیا؟ جس پر مرزا شہزاد اکبر نے بتایا کہ امریکی سینیٹ کی رپورٹ ابھی سامنے آئی ہے جس کے ذریعے ان قیدیوں کے بارے میںمعلوم ہوا ہے۔ عدالت نے گوانتانامو بے جیل میں قید پاکستانیوں سے متعلق جائزہ کمیٹی کے قیام پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔