لاہور(نیوزڈیسک) غیر سرکاری نتائج کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے یو سی 107 کی چیئر مین شپ کے امیدوار مسلم لیگ ن لاہور کے سابق صدر خواجہ احمد حسان کے مد مقابل امیدوار محمد نواز جبکہ وائس چئیرمین حاجی جعفر کے مقابلے میں امیدوار اصغر علی کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لئے جانے کے بعد خواجہ احمد حسان بلامقابلہ چیئرمین کامیاب ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف خواجہ احمد حسان کی بلا مقابلہ کامیابی کے بعد تحریک انصاف کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ شفقت محمود اور اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے حلقہ انتخاب میں بلا مقابلہ کامیابی کیسے ہوئی ؟۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے الزام عائد کیا ہے کہ خواجہ حسان اور مہر اشتیاق نے تحریک انصاف کے امیدوار محمد نواز کو ساری رات ہراساں کیا اور جبرا کا غذات واپس لینے پر مجبور کیا۔ دوسری جانب یونین کونسل 261 سے پی ٹی آئی کا امیدوار مسلم لیگ ن کے چئیرمین میاں محمد جمیل کے حق میں دستبردار ہو گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے میاں جمیل کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے ملک سجاد نے کاغذات نامزدگی واپس لئے۔