کراچی(نیوزڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پنجاب کے صوبائی وزیر رانا ثناءاللہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کا سربراہ اور پنجاب کا صوبائی وزیر رانا ثناءاللہ اور پاکستان مسلم لیگ (نواز) (پی ایم ایل (ن) نے پنجاب سمیت ملک بھر میں دہشتگردوں کی نرسریاں بنائی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پورے ملک کو اس بات کا علم ہے کہ رانا ثناءاللہ جب پنجاب کے وزیر قانون تھے ، اس وقت ان کا کالعدم تنظیموں سے گہرا رشتہ تھا۔ شرجیل میمن نے ہفتہ کو جاری اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ آج بھی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی وہ تقریر جس میں انہوں نے کہا کہ ”طالبان تم پنجاب پر حملہ نہ کرو، ہم تمہارے نظریے کے حامی ہیں“ ریکارڈ پر موجود ہے۔ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ایم ایل (ن)کی قیادت نے ہمیشہ طالبان کی حمایت کی اور دہشتگردوں سے مذاکرات پر یقین رکھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر آج بھی نیشنل ایکشن پلان پر صحیح عمل درآمد کیا جائے، تو پی ایم ایل (ن) کی قیادت اور رہنماءدہشتگردوں کی معاونت پر جیل جائیں گے۔ شرجیل میمن نے پی ایم ایل (ن) کے وزراءکو باور کرایا ہے کہ بلاول بھٹو کے خطاب پر تنقید کرنے والے بھول گئے ہیں کہ پی ایم ایل (ن) کی ماضی میں دو مرتبہ حکومتیںبھی کرپشن کے الزامات لگنے پر ہٹائی گئی۔