سکھر(نیوزڈیسک)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے احکامات کے برعکس سکھر میں میونسپل کارپوریشن کے مئیر کے لئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر اسلام الدین شیخ نے اپنے بیٹے بیرسٹر ارسلان شیخ کو یونین کمیٹی دو سے چیئرمین کے لئے جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے اپنے صاحبزادے فرخ شاہ کو یونین کونسل گھمرا کے رکن کے لئے نامزدگی فارم جمع کرا دیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ نے بھی اپنے فرزند کمیل حیدر شاہ کو میونسپل کمیٹی روہڑی کے لئے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے فارم بھی حاصل کر لئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سینیٹر اسلام الدین شیخ کا ایک بیٹا پہلے ہی پیپلزپارٹی کا رکن قومی اسمبلی ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا داماد اویس شاہ رکن صوبائی اسمبلی ہے۔عام انتخابات میں سکھر میں نشستوں کے حصول کے لئے خورشید شاہ اور اسلام الدین شیخ میں تنازعات پیدا ہو گئے تھے جو کہ بلدیاتی انتخابات تک جاری تھے تاہم جب بلدیاتی انتخابات میں مئیر، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل اور چئرمیں میونسپل کمیٹی کے عہدوں کی بات آئی تو صاحبزادوں کے لئے دونوں اپنے اختلافات بھلا ایک پھر ایک مرتبہ مل گئے ہیں۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سینئر اراکین نے اس معاملے پر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا انتباہ دیا ہے۔