کوئٹہ(نیوزڈیسک)ایرانی فورسز نے پاکستان کی سرحد کے قریب ایک جھڑپ میں چھ پاکستانی اور تین ایرانی مبینہ منشیات سمگلروں کو ہلاک کر دیا۔پاکستان کے سرحدی علاقے تافتان کے اسسٹنٹ کمشنر مراد کاسی نے ایرانی حکام کے حوالے سے بتایا کہ جھڑپ ان کے علاقے میں ہوئی۔ تاہم، اب تک مارے جانے والے چھ پاکستانیوں کی لاشیں پاکستان کے حوالے نہیں کی گئیں۔ذرائع کے مطابق، ایرانی فورسز نے اپنے علاقے میں نقل و حرکت کرنے والے منشیات سمگلروں کے ایک گروپ کا راستہ روکا، جس پر مبینہ جھڑپ ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ مارے جانے والے منشیات سمگلر تھے اور ان سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ منشیات افغان صوبے ہلمند سے لائی جا رہی تھی۔