اسلام آباد (نیوزڈیسک) پولیس نے ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کا مطالبہ کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو لاٹھیوں سے دھنک کر رکھ دیا۔ کئی مظاہرین زخمی، متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔ وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے سامنے کا علاقہ میدان جنگ بنا رہا۔ مظاہرین کا کل اسپتالوں میں احتجاج کا اعلان۔وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے پولیس اور احتجاجی مظاہرین ایک دوسرے کے سامنے صف آراء رہے۔ ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کا مطالبہ کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے وزیراعظم سیکریٹریٹ جانے کی کوشش کی تو خاردار تاروں کے پیچھے انہیں لاٹھیوں سے لیس پولیس اہلکاروں کا سامنا کرنا پڑا۔چند ایک احتجاجی مظاہرین نے خار دار باڑھ عبور کرنے کی کوشش بھی کی لیکن جو ہتھے چڑھا پولیس نے اسے دھنک کر رکھ دیا، احتجاجی مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں لاٹھی چارج کے باعث کچھ مظاہرین زخمی ہوئے اور کچھ کو حراست میں لے لیا گیا۔ لیڈیز پولیس اہلکاروں نے سفید کوٹ میں ملبوس چیختی، چلاتی، احتجاجی لیڈی ڈاکٹرز کو ڈنڈا ڈولی کر کے اٹھایا اور گھسیٹتے ہوئے لے گئیں۔ لیڈیز پولیس پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ہانکتی رہیں۔ انہوں نے کچھ لیڈی ڈاکٹرز اور نرسز کو گردنوں سے پکڑا تو کچھ کو گریبانوں سے۔شہر اقتدار کی پولیس نے ڈاکٹروں پیرا میڈیکل اسٹاف کی جی بھر کر اور آزادانہ دھلائی کی، مظاہرین اور پولیس کی محاذ آرائی کے دوران پورا علاقہ میدان جنگ بنا رہا۔