لاہور (نیوزڈیسک))ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب ریونیو اتھارٹی عائشہ رانجھا نے کہا ہے کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن پلان تیا ر کر لیا گیا ہے اور ٹیکس نادہندوں کے خلاف کاروائی جاری رہے گی، انہوں نے چند روز قبل فیشن آﺅٹ لیٹس اور بیوٹی پارلرز کو سیل اور جرمانہ کر کے حکومت کو 80لاکھ کا ریونیو دلانے کے اقدام کو پورے محکمے کی مشترکہ کاوش قرار دیدیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب ریونیو اتھارٹی عائشہ رانجھا نے کہا کہ کارکردگی پورے ادارے کی ہوتی ہے اس آپریشن کیلئے پورے محکمے نے بہت منظم انداز میں ایک ایکشن پلان مرتب کیا تھا جس پر تین سے لے کر چار ماہ تک حکمت عملی تیار کی گئی تھی۔ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ فیشن انڈسٹری کے بہت بڑے بڑے نام جو ااس انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے خوب منافع کما رہے تھے ان میں سے زیادہ تر ٹیکس واجبات کے نادہندہ تھے۔ اس کے علاوہ فیشن انڈسٹری کے چند بڑے نام جو کہ اپنی سروسز دے رہے تھے لیکن وہ ادارے رجسٹرڈ ہی نہیں تھے۔ان اداروں کے خلاف پوری حکمت عملی سے کاروائی کی گئی اور ملکی خزانے کو ایک دن کی کاروائی سے 80لاکھ کا ریونیو ملا۔عائشہ رانجھا نے کہاکہ ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن پلان تیا ر کر لیا گیا ہے اور ٹیکس نادہندوں کے خلاف کاروائی جاری رہے گی۔