پشاور(نیوزڈیسک) خیبر پختونخوا میں واقعی تبدیلی آ گئی، وزیر اعلیٰ کے پروٹوکول کے بعد ضلع ناظم پشاور نے بھی پروٹو کول مانگ لیا۔ صوبائی حکومت نے ضلع ناظم اور ٹاؤن ناظمین کو کروڑوں روپے کی نئی گاڑیاں دے دیں۔ عوامی نمائندوں کے ٹھاٹ باٹ دیکھنے کے لائق ہیں۔پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں تبدیلی کا نعرہ لے کر آئی، مگر پہلے وزیر اعلیٰ سمیت دیگر وزراء نے پروٹوکول اور بڑی بڑی گاڑیوں کے مزے لئے اور پھر جب اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوئے، ناظمین کا دور آیا تو وزراء کی دیکھا دیکھی ناظمین نے بھی پرانی گاڑیاں نہ لینے اور بغیر پروٹوکول پھرنے سے انکار کر دیا۔ صوبائی حکومت نے بھی ناظمین کیلئے خزانے کا منہ کھول دیا۔ اور ان کیلئے کروڑوں روپے کی نئی چمچماتی پجاروز، پراڈوز اور لینڈ کروزرز خرید لی گئیں۔ضلع ناظم پشاور کو نئی پراڈو اور 4 گارڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ پولیس کی ایک موبائل بھی ان کے قافلے کی شان بڑھانے کے لئے ان کے ساتھ پھرے گی۔ چاروں ٹاؤن ناظمین کو بھی نئی گاڑیاں دے دی گئی ہیں۔ شہری بھی سادگی کا پرچارکرنے والے ان نومنتخب نمائندوں کی شاہ خرچیاں دیکھ کر پریشان نظر آتے ہیں اور یہ سوچنے پر مجور ہیں کہ ابھی تو ابرداء ہے آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا!