کراچی (نیوزڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آئین کی رو سے مجھ پر غداری کا مقدمہ بننا چاہیے ، دھرنوں کا ساتھ اس لئے دیا کہ موجودہ حکومت کمزور سے کمزور ہوتی جائے اور اس مقصدمیں ہم کامیاب ہو گئے۔دھرنوں کے اخراجات بتا کر ایف بی آر کو اپنے پیچھے نہیں لگانا چاہتا۔ سانحہ ماڈل ٹائون میں شہباز شریف کا ہاتھ تھا۔ لال مسجد آپریشن کی مخالفت کی تھی ، ہم پر کوئی قرضہ واجب الادا نہیں ہے ، نواز شریف بات بھولتے نہیں اور بدلہ لیتے ہیں۔ پاکستان میں وزیردفاع فوج کے خلاف بیانات دیتا ہے۔مشرف نے این آر او ہماری مرضی کے خلاف کیا تھا۔کوئی شک نہیں، متحدہ میں عسکری ونگ موجود ہے۔ مشرف کو 10باروردی میں منتخب کرانے کی بات کی مگر انہوں نے خود ہی وردی اتار دی اور معاملہ ختم ہو گیا۔ حلفاً کہتا ہوں پاکستان سے باہر کوئی جائیداد نہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے چوہدر ی شجاعت حسین نے کہاکہ دھرنوں سے ملکی معیشت تباہ ہوئی ہے، دھرنوں کا ساتھ اس لئے دیا تھا کہ ہم چاہتے تھے کہ موجودہ حکومت کمزور سے کمزور ہوتی چلی جائے اس مقصدمیں ہم کامیاب ہو گئے۔