اسلام آباد (نیوز ڈیسک)رہنما پی ٹی آئی چودھری سرور نے کہا ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس بھتہ خوری ہے ،آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن کے کل ملک گیر احتجاج کی حمایت کرتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق چودھری سرور سے آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعیم میر نے ملاقات کی۔ملاقات میں ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف احتجاج اور ملک گیر ہڑتال کے فیصلے پر دونوں جانب سے مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔احتجاج کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔اس موقع پر تحریک انصاف کے آرگنائزر چودھری سرور نے نعیم میر کو پارٹی کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ احتجاج اور ہڑتال کی کال میں تاجر ایسوسی ایشن کے ساتھ ہیں۔حکومت کو ود ہولڈنگ ٹیکس جیسے ظالمانہ اقدام کا فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا جائے گا۔