اسلام آباد( نیوز ڈیسک) اسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب ہڑتالی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے جب ریلی کی صورت میں وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب مارچ کیا تو انہیں نادرا چوک پر روک لیا گیا ہے اور انہیں وزیراعظم سیکر ٹریٹ کی طرف بڑھنے سے روک دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے مزید نفری طلب کر لی ہے۔ ڈاکٹرز اور نرسوں نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ہیلتھ رسک الاونس کی بندش کے خلاف اسلام آباد میں تمام سرکاری ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ایمرجنسی کے علاوہ تمام شعبوں میں کام بند کردیا، جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ڈاکٹروں اور طبی عملے کا کہنا ہے کہ حکومت نے ان کا جائز مطالبہ تسلیم نہ کیا تو وہ احتجاج کے دائرے کو مزید بڑھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔