کراچی(آن لائن)کورنگی کراسنگ کے قریب فائرنگ کرکے سبین محمود کے ڈرائیور کو قتل کردیا گیاہے۔ پولیس کے مطابق ابراہیم حیدری کے قریب گھر میں فائرنگ سے ہلاک شخص کی شناخت غلام عباس کے نام سے ہوئی جو اینٹی کرپشن پولیس میں ڈرائیور کے طور پر کام کررہا تھا جبکہ وہ سماجی کارکن سبین محمود کے ڈرائیور کے طور پر بھی کام کرچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق مقتول غلام عباس سبین محمود کے قتل کا عینی شاہد تھا اور اس نے شناخت پریڈ کے دوران ملزمان کی شناخت کی تھی۔ انہیں رواںسال کلفٹن میں ان کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، وہ ایک این جی او کی سربراہ تھیں۔ادھرانسداد دہشت گردی کے محکمے کے افسر راجہ عمر خطاب نے کہا کہ غلام عباس قتل کے حوالے سے ایک اہم گواہ تھے جبکہ انہوں نے اس قتل کے دیگر گواہوں کی حفاظت پر زور دیا۔انہوں نے اس قتل کو ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ غلام عباس سبین پر حملے کے وقت گاڑی کے پیچھے والی سیٹ پر بیٹھے ہوئے تھے جبکہ سبین خود گاڑی چلا رہی تھیں۔تاہم ان کا مزید کہنا تھا کہ عباس کے قتل سے سبین قتل کیس پر فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ شناختی پریڈ کے دوران ملزمان کی نشاندہی پہلے ہی ہوچکی ہے۔