کراچی (نیوزڈیسک) را کے مبینہ ایجنٹ اور ایم کیو ایم کے رکن جاوید عرف لنگڑے پر نیو دہلی میں 2003ءکے دوران قاتلانہ حملے کا انکشاف ہوا ہے۔ حملے میں ملوث ایک ملزم ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا باڈی گارڈ بھی رہ چکا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خالد اور عدنان نامی ملزمان نے 2003ءکے دوران نیو دہلی میں جاوید لنگڑے کو مارنے کی کوشش کی۔ مارنے کی وجہ پیسوں کی تقسیم بتائی جاتی ہے۔ ملزمان کا تعلق فیڈرل بی ایریا کے دستگیر سیکٹر سے ہے۔ ایک ملزم نے جاوید لنگڑے پر پستول سے فائر کیا جبکہ دوسرے ملزم نے خنجر مارا جس سے جاوید لنگڑا زخمی ہوگیا اور 6 ماہ تک اسپتال میں زیر علاج رہا۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کو انڈیا پولیس نے گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان 8ماہ تہاڑ جیل میں رہے۔ بعد ازاں جاوید لنگڑا اور ملزمان کی آپس میں صلح ہوگئی جس کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی۔ ذرائع کے مطابق خالد نامی ملزم ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا باڈی گارڈ بھی رہ چکا ہے۔