پشاور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سیاسی مداخلت کے خاتمے کے باعث پولیس کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے اپوزیشن نے بھی پولیس اصلاحات کو سراہا ہے ۔ پولیس لائنز پشاورمیں پولیس انفاریشن ٹیکنالوجی اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا کہناتھا کہ آئی ٹی اسکولوں کی تعمیر سے خیبرپختونخوا پولیس ماڈرن پولیس کی طرف بڑھ رہی ہے۔ان کا کہناتھا کہ پولیس میں پہلے انٹیلی جنس سسٹم نہیں تھا، اب انٹیلی جنس سسٹم بھی ہے اور ریکارڈ سسٹم بھی۔جس کے باعث پولیس ایک منظم فورس بن گئی ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پولیس کی بہتری کی وجہ سیاسی مداخلت کا خاتمہ ہے ان کا کہناتھا کہ پولیس کی بدنامی کی وجہ ٹریفک پولیس ہے اور ٹریفک وارڈن نظام کو پشاور بھر میں نافذ کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں 100 رپورٹنگ روم بھی بنائے جائیں گے۔