اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عالمی تھنک ٹینک جرمن واچ نے پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث دس سب سے زیادہ غیر محفوظ ممالک میں شمار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ پندرہ برسوں میں پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے شہریوں کی تعداد ستائیس لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ اپنے تازہ ترین گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس میں تھنک ٹینک نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات میں ایک مخصوص تعلق ہے۔پائیدار ماحولیاتی مستقبل سے متعلق عالمی تحقیقی ادارے ورلڈ ریسورسز انسٹیٹیوٹ کے مطابق آئندہ پندرہ برسوں میں پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے شہریوں کی تعداد ستائیس لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ماحولیات پر کام کرنے والے عالمی ادارے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل حماد نقی خان کے مطابق پن دھارے یا واٹر شیڈز میں جنگلات کی کٹائی، دریائوں کے کناروں پر زراعت، آبادیوں اور دیگر مقاصد کے لیے کی گئی تجاوزات بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کی بڑی وجوہات ہیں۔