لاہور (نیوزڈیسک)صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ خاں نے کہا ہے کہ عمران خان کا دل احتجاج کے سوا کسی اور کام میں نہیں لگتا۔ ترانے‘ تالیاں‘ نعرے اور دھمکیاں عمران خان کا مشغلہ ہے۔ صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ خاں نے عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی عمران خان کی سیاست کا شعار ہے مگر وہ پنجاب کے باشعور کسان کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب میں کاشتکاروں کوزرعی آلات اور دیگر ضروریات کے لئے خطیرسبسڈی دی جاتی ہے۔ کیا عمران خان نے خیبرپختونخوا کے کسان کی حالت زار پر بھی غور کیا ہے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان ہر وقت سیاسی ہنگامہ آرائی کو ہوا دینے کے خواہش مند رہتے ہیں۔ عوام دھرنا پارٹی کی اصلیت جان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس عام آدمی کی سواری ہے۔ میٹروبس سسٹم سے روزانہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں لاکھوں افراد پرآسائش سفر کرتے ہیں۔عمران خان کی میٹرو پر تنقید بلاجواز اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف باتوں کے دھنی ہیں عوام کی سہولت اور آسائش انہیں ایک آنکھ نہیں بھاتی۔