لاہور(نیوزڈیسک) گاڑی، رکشہ، موٹر سائیکل سٹینڈ کے بعد اب لاہور میں بنے گا گدھوں کا سٹینڈ۔ جہاں پارک ہوں گے گدھے اور ان کی حفاظت کریں گے انسان۔ اپنا گدھا رات بھر کیلئے پارکنگ اسٹینڈ پر کھڑا رکھیں اور بے فکر ہو جائیں۔ گدھوں کی کھال کیا مہنگی ہوئی انسان گدھوں کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ گیا۔ بیل، گائے، بکری کی چوری عام طور پر ہوتی ہے لیکن اب گدھے نہ صرف اغواء ہو رہے ہیں بلکہ ان کو مار کر ان کی کھال کو بیچنا خاصا منافع بخش کاروبار بن گیا ہے۔گدھوں کی گمشدگی کے واقعات میں اضافے کے ساتھ ہی ان کے مالکان کو ان کی حفاظت کی فکر کھانے لگی ہے۔ کسی نے اپنے گدھے کو موٹی زنجیر سے باندھ دیا اور تالے بھی لگا ڈالے تو کوئی اس کے ساتھ ہی سونے لگا ہے۔ کچھ مالکان تو اتنے فکر مند نظر آتے ہیں کہ انہوں نے عزم کر لیا ہے کہ وہ اپنے گدھے کو پارکنگ سٹینڈ پر ہی کھڑا کریں گے۔پارکنگ سٹینڈ والے بھی مجبور ہو گئے ہیں اور انہوں نے اپنے سٹینڈ پر کچھ جگہ گدھوں کے لئے مخصوص کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ریڑھی بانوں کا کہنا ہے کہ حکومت گدھوں کے گوشت اور کھالوں کے گھناؤنے کاروبار کو فوری طور پر بند کرائے۔