پنوعاقل(نیوزڈیسک).پنوعاقل کے گوٹھ حاجی خان چاچڑ میں پپو خان چاچڑ کی جانب سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے میں بھوک سے نڈھال کارکنان کھانے کی دیگوں پر ٹوٹ پڑے،جس کے ہاتھ جو آیا لیکر چلتا بنا۔ ڈاکٹر غلام عباس عرف پپو خان چاچڑ کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا ۔ظہرانے کا وقت دوپہر ایک بجے مقرر تھا تاہم عمران خان ساڑھے تین گھنٹے کی تاخیر سے گوٹھ حاجی خان چاچڑ پہنچے۔عمران خان نے جیسے ہی کارکنان سے تقریر ختم کی، بھوک سے نڈھال کارکنان اور چاچڑ برادری کے افراد کھانے پر ٹوٹ پڑے ۔خالی تھال میں کچھ نہ پایا تو دیگوں پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت دیگوں سے کھانا نکالتے اور کھاتے رہے، جس کے ہاتھ جو آیا اپنے ساتھ لیکر کر چلتا بنا۔ کئی کارکنان ہاتھوں میں خالی پلیٹیں اٹھائے بے بسی کی تصویر بنے رہے۔