کراچی(نیوزڈیسک) ڈاکٹر عاصم حسین کی فیاضیوں اور منظور نظر افراد کو نوازنے کا ایک اور انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے یومیہ اجرت پر ملازمین کی فراہمی اور ٹھیکوں میں کروڑوں روپے کی کرپشن سامنے آئی ہے ۔ منظور نظر ڈپٹی جنرل منیجر ایچ آر شہباز اسلام کی اہلیہ کی اورینج ٹچ نامی کمپنی کو ٹریننگ کے نام پر کروڑوں روپے کا ٹھیکہ دیا گیا۔اورینج ٹچ نامی کمپنی کو سالانہ کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔ دوسری طرف رفیق اعوان انٹر پرائیز کو تھرڈ پارٹی کیژول ورکرز کی فراہمی کا ٹھیکہ دیا گیا۔ سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم عاصم حسین نے 2010 میں شہباز اسلام کو کنٹریکٹ پرملازمت دی۔ڈاکٹر عاصم حسین نے فیاضی دکھاتے ہوئے گروپ 7 کے عہدے کے لیے قوائد و ضوابط کو نظر انداز کیا اور شہباز اسلام کو گروپ 7 کے آفیسر کے طور پر ایچ آر ڈیپارٹمنٹ میں بطور ڈپٹی جنرل منیجر تعینات کر دیا۔ شہباز اسلام کی تعلیمی قابلیت صرف بی کام ہے۔ کرپشن کی تحقیقات سے خوفزدہ ہو کر شہباز اسلام نوکری چھوڑ کر فرار ہو گیا۔