کراچی(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کی رہنما سائرہ افضل تارڑنے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور نواز شریف انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ڈاکٹر عاصم ہوں یا رانا مشہود احتساب سب کا ہونا چاہئے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں وزیر اطلاعات سندھ نثار کھوڑو اور تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمودبھی شریک تھے۔نثار کھوڑونے کہا کہ پیپلز پارٹی ،سندھ حکومت اور کچھ شخصیات کو نشانہ بنا کر بدنام کیا جارہا ہے، ڈاکٹر عاصم کیخلاف الزامات سے قوم کوا ٓگاہ کیا جائے۔تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمودنے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا مُک مُکا خطرے میں ہے،حیرت کی بات ہے کہ وزیرداخلہ کے اقدامات کا وزیراعظم کو علم نہیں ،کرپشن پر جہاں جہاں ہاتھ ڈالا جارہا ہے اس کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ سائرہ افضل تارڑنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن اور نواز شریف انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، میں نے ایک بار بھی نہیں کہا کہ ڈاکٹر عاصم نے کرپشن کی یا پی ایم ڈی سی میں گھپلوں کے ذمہ دار ہیں، ڈاکٹر عاصم کیخلاف کوئی چیز ثابت نہیں ہوئی تو میں ان پر الزام کیسے لگاسکتی ہوں، میں نے یہ ضرور کہا کہ اگر ڈاکٹر عاصم پر کوئی کرپشن ثابت ہوتی ہے تو قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا،ڈاکٹر عاصم ہوں یا رانا مشہود ہوں احتساب سب کا ہونا چاہئے، جن لوگوں نے کرپشن کی اور اداروں کو تباہ کیا ان کے خلاف ضرور کارروائی ہونی چاہئے۔ نثار کھوڑونے کہا کہ پیپلز پارٹی ،سندھ حکومت اور کچھ شخصیات کو نشانہ بنا کر بدنام کیا جارہا ہے، کسی کو بھی صفائی سنے بغیر مجرم نہیں ٹھہرایا جاسکتا، پنجاب میں قاسم ضیاء اور سندھ میں کارروائیاں پیپلز پارٹی کو نشانہ بنانے کا تاثر پیدا کررہی ہیں،ڈاکٹر عاصم کیخلاف الزامات سے قوم کوا ٓگاہ کیا جائے، وزیراعظم کو اگر ہمارے خلاف کارروائیوں کا علم نہیں ہے تو یہ کیسے وزیراعظم ہیں اور یہ کیسا وزیر داخلہ ہے جو وزیراعظم کو بتائے بغیر کارروائیاں کروارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل سب کے لئے ہو تو بہتر ہے ورنہ نواز شریف کہہ دیں کہ میرے بھائی کی حکومت کے علاوہ سب کا احتساب ہوگا، مسلم لیگ ن احتسابی عمل یکساں ہونے کا تاثر مضبوط کرنے کیلئے خود سے احتساب شروع کرے،رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ رینجرز کا کرپشن کی کارروائیوں میں ایکشن لینے کا اختیار نہیں ہے،رانا ثناء اللہ کو بھی نشانے پر لایا جائے، رانا مشہود کا اعترافی بیان بھی ہے اور کچھ لوگوں نے تو اسحاق ڈار کے بارے میں بھی بات کی ہے۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف سیاسی اتفاق رائے کیلئے آصف زرداری کا کردار کسی کو نہیں بھولنا چاہئے، پیپلز پارٹی نشانہ بننے سے نہیں ڈرتی، ہمیں ماضی میں بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، پیپلز پارٹی نے پاکستان آنے کیلئے جبکہ نواز شریف نے پاکستان سے باہر جانے کیلئے این آر او کیا۔شفقت محمودنے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا مُک مُکا خطرے میں ہے، آصف زرداری اور نواز شریف کی ایک دوسرے کو بچانے کی ڈیل میں شکایتوں کا انبار لگ رہا ہے، حیرت کی بات ہے کہ وزیرداخلہ کے اقدامات کا وزیر اعظم کو علم نہیں ، کرپشن پر جہاں جہاں ہاتھ ڈالا جارہا ہے اس کی مکمل تائید کرتے ہیں، ڈاکٹر عاصم اور دیگر لوگوں کیخلاف باتیں پہلے بھی سننے میں آتی رہی ہیں، اس دفعہ کرپشن کیخلاف ہاتھ صحیح پڑتا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا اصل ایشو یہ ہے کہ ان کے قریبی ساتھیوں پر ہاتھ پڑنا شروع ہوگیا ہے ،آصف زرداری کو ڈر ہے کہ اب اُن پر یا ان کے فیملی ممبرز پر بھی ہاتھ ڈالا جاسکتا ہے، مسلم لیگ ن کے کچھ وزراء کا پنجاب کی شدت پسند تنظیموں کے ساتھ تعلق تھا، رانا ثناء اللہ تو کالعدم تنظیموں کے ساتھ مل کر جلوس بھی نکالتے تھے۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ایشوز پر پیپلز پارٹی سمیت کسی کے ساتھ بھی بات چیت ہوسکتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارا پیپلز پارٹی سے اتحاد ہورہا ہے، ہم سب پاکستانی ہیں اور قوم کی خاطر تمام ایشوز پر اکٹھے ہوں گے۔