لاہور (نیوزڈیسک) پولیس نے ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی بن کر چھاپے مارنے والی خاتون کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ، ملزمہ ناہید اختر خود کو ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی ظاہر کر کے دکانوں پر چھاپے مارتی تھی اور دکانداروں کو ڈرا دھمکا کر ان سے پیسے بٹورتی تھی ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ گزشتہ روز تھانہ نشتر کالونی پولیس نے خود کو ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز ظاہر کر کے چھاپے مارنے والی خاتون ناہید اختر کو ساتھیوں نعیم ، جمیل اور اعجاز سمیت گرفتار کر لیا ۔ ایس پی ماڈل ٹاﺅن مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ ملزمہ ناہید اختر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ چھوٹی دکانوں پر چھاپے مارتی اور اس کے ساتھ ویڈیو بھی بناتی تھی ۔ اس کے ساتھ دکانداروں کو ڈرا دھمکا کر ان سے پیسے بھی بٹورتی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ویڈیو بنانے والے کیمرے بھی برآمد کیے گئے ہیں اور تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے ۔