راولپنڈی (نیوزڈیسک)یوم دفاع کی تقریبات کے حوالے سے پاکستان ائیر فورس کی فل ڈریس ریہرسل،طیاروں کی آمدورفت کے لیے دو گھنٹے معمول کی پروازوں کے لیے ائیر سپیس بند کی گئی ،7ستمبر تک تیاریوں کا عمل جاری رہے گا ،تمام ائیر لائنوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے ،اس کو مد نظر رکھتے ہوئے پروازوں کی آمدورفت کا شیڈول ترتیب دیا جائے ۔پیر کو صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ائیر پورٹ کے منیجر ملک محمد افسر نے بتا یا کہ بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے منسلک ائیر سپیس کا چند گھنٹوں کے لیے تیاریوں کے سلسلے میں استعمال کرنے کے لیے پاکستان ائیر فورس کو باقاعدہ اجازت دی گئی ہے ،پیر کو بھی دو گھنٹوں کےلئے ان تیاریوں کے سلسلے میں ائیر سپیس بند رہی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتا یا کہ ہم نے پاکستان ائیر فورس کی جانب سے ائیر سپیس استعمال کے شیڈول کے بارے میں تمام ائیر لائنوں جن کا بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے قومی و بین الاقوامی پروزاوں کی آمدورفت ہوتی ہے کوتحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے ،7ستمبر تک تیاریوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ،تمام ائیر لائنیں اس شیڈول کے مطابق اپنی پروزاوں کی آمدورفت کا شیڈول تیار کریں ۔