لاہور (نیوزڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہفتے کے روز دورہ لاہور میں انتہائی خوش اور پرجوش دکھائی دیئے ۔بالخصوص این اے 122میں کامیابی کے حوالے سے ان کے جذبات دیدنی تھے، عمران خان نے لاہور میں مصروفیت دوران پارٹی رہنماوں سے ملاقاتیں کیں اور اہم پارٹی و سیاسی امور پر اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے اپنے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان سے ون ٹو ون ملاقات کی اور این اے 122کی سیاسی صورتحال پر بریفنگ لی۔ اسی حلقے سے پی پی 147سے پارٹی امیدوار شعیب صدیقی اور پارٹی کی لیگل ٹیم نے انیس علی ہاشمی ایڈووکیٹ کی قیادت میں عمران خان سے ملاقات کی اور این اے 122کے فیصلے کے تناظر میں گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے کہا کہ این اے 122کا فیصلہ اللہ تعالی کی کرم نوازی اور حق اور سچ کی فتح ہے جس میں پارٹی کی ٹیم نے عبدالعلیم خان کی قیادت میں دن رات محنت کی ہے اسی طرح این اے 154اور این اے 125کے فیصلے بھی تحریک انصاف کے لیے تقویت کا باعث ہیں جنہوں نے دھاندلی کا بھانڈہ پھوڑ دیا ہے۔