کراچی(نیوزڈیسک)کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں 18 اگست کو ہلاک دہشت گرد نائن الیون کے ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کا بھتیجا نکلا، حساس اداروں نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے حوالے سے اہم معلومات حاصل کرلیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13ڈی میں 18اگست کو حساس اداروں کے ساتھ مقابلے میں ہلاک دہشت گرد نائن الیون کے ماسٹر مائنڈ خالد شیخ کا بھتیجا نکلا، ادریس البلوشی دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں میں ملوث تھا، حساس اداروں کو نیٹ ورک کی اہم معلومات مل گئی ہیں۔حساس اداروں کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ کراچی میں القاعدہ کے نیٹ ورک کو چلانے کی ذمہ داری ادریس البلوشی کی تھی اور وہ شہر میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں میں ملوث تھا، ادریس البلوشی 2 مرتبہ شمالی وزیرستان میں میزائل حملے میں بھی زخمی ہوا تھا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر اشیا بھی قبضے میں لے لیں، خالد شیخ محمد کے 2 بھتیجے پہلے ہی امریکی حکام کی تحویل میں ہیں۔واضح رہے کہ گلشن اقبال میں 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ حساس ادارے کا ایک افسر شہید ہوا تھا۔