اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پیپلزپارٹی کے مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پیپلزپارٹی کیساتھ تعلق رکھنے والے اہم افراد کو گرفتار کرنے پر وفاقی حکومت کی طرف سے مکمل خاموشی دکھانے اور پیپلزپارٹی کے احتجاج کے باوجود کوئی ردعمل نہ دینے پر ن لیگ کو اسمبلی کے اندر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ ہے۔روزنامہ دنیا میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق پیپلزپارٹی ن لیگ سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد جن کے خلاف نیب کی طرف سے انکوائری ہو رہی ہے اور ایسے تمام عہدیدار جو کسی نہ کسی کرپشن میں بلاواسطہ یا بالواسطہ ملوث ہیں ان کیخلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔مصدقہ ذرائع کے مطابق معروف بینکار شخصیت کے کیس کو پہلے مرحلہ میں اٹھایا جائے گا، پیپلزپارٹی کے سینیٹرز اور اراکین اسمبلی مختلف فورمز پر یہ مطالبہ کرتے کہ مذکورہ شخصیت کو بھی گرفتار کیا جائے۔پیپلزپارٹی کا موقف ہے کہ اس گرفتاری سے ن لیگ کے کئی اہم ذمہ داران بھی نیب کے شکنجے میں آئیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں پیپلزپارٹی کی طرف سے باقائدہ ایسے افراد کے ناموں کو سامنے لایا جائے گا جن کا کسی نہ کسی طرح تعلق ن لیگ سے ہوگا۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کے ایسے عہدیداروں کو بھی سامنے لایا جائے گا جن پر کرپشن کے الزامات ہیں لیکن نیب ان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا ہے۔