پشاور(نیوز ڈیسک)دہشت گردی کے خلاف جنگ کے متاثرین کی بحالی کیلئے ورلڈ بینک نے امداد کا اعلان کر دیا ، فاٹا کے متاثرہ خاندانوں کے لیے عالمی بینک نے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ورلڈ بینک کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ فاٹا میں دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کے 1 لاکھ 20 ہزار متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے ورلڈ بینک پہلے ہر خاندان کو یکمشت 35 ہزار روپے فراہم کرے گا۔اس کے علاوہ 4 ہزار روپے ہر ماہ 4 مہینے تک دیئے جائیں گے۔ اس امداد کا مقصد یہ ہے کہ اپنا گھر بار چھوڑنے والے فاٹا کے متاثرین دوبارہ سے اپنی زندگی شروع کر سکیں۔دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کی وجہ سے بے گھر ہونے والے فاٹا اور متصل علاقوں کے مجموعی طور پر 3 لاکھ 40 ہزار خاندانوں کی جلد بحالی کے لیے حکومت بھی ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔