کراچی(نیوز ڈیسک)قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپتان شاہد خان آفریدی نے جناح ہسپتال کے دورے کے دوران اسپتال کی حالت زار پرگہرے دکھ کا اظہار کیا،انھوں نے جناح اسپتال کیلیے 20 لاکھ روپے کا عطیہ دیا۔انھوں نے کہا کہ مریضوں کو بنیادی سہولت کی عدم فراہمی پر رنج ہوا،اس حوالے سے حکومتی کردار نہ ہونے کے برابر ہے،انھوں نے غیر سرکاری تنظیم کی دعوت پر جناح اسپتال میں زہرخورانی کے شکار مریضوں کے وارڈ کا دورہ کیا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر حیرانگی ہوئی کہ جناح اسپتال میں مناسب سہولتیں بھی نا پید ہیں، غریب اور نادار مریضوں کوبہتر علاج کی فراہمی انسانیت کی خدمت ہے، اسپتال میں زیرعلاج مریضوں کو درپیش مشکلات جان کر تکلیف ہوئی ہے،علاج کی سہولت ہر انسان کا حق ہے۔بے پناہ مسائل کا شکار جناح اسپتال خصوصی توجہ کا مستحق ہے ، اس ضمن میں حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، مخیر افراد اور ادارے اچھے علاج کی فراہمی میں معاونت کریں، قبل ازیں شاہد آفریدی نے مریضوں کی مزاج پرسی کی اور تحائف تقسیم کیے،مریضوں نے شاہد آفریدی کی آمد پر مسرت کا اظہار کیا، شاہد آفریدی نے اپنے نام سے قائم فاؤنڈیشن کی جانب سے وارڈ کی بہتری اور مریضوں کی بہبود کے لیے20 لاکھ روپے کا عطیہ دیا۔