اسلام آباد(نیوزڈیسک)سبکدوش ہونیوالے امریکی سفیر رچرڈ جی اولسن نے گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان کی اقتصادی ترقی اور حاصل کردہ مالی استحکام کو سراہا ہے ۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکی سفیر رچرڈ جی اولسن نے بدھ کو الوداعی ملاقات کی ۔ وزیر خزانہ نے سبکدوش ہونیوالے امریکی سفیر کی پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو سراہا اور پاکستان میں تعیناتی کے دوران انکے مثبت اور تعاون پر مبنی کردار کی تعریف کی ۔ رچرڈ جی اولسن نے پاکستان میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران تعاون پر تشکر کا اظہار کیا ۔ انہوں نے خاص طور پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع البنیاد دو طرفہ اقتصادی تعلقات بالخصوص پاک امریکہ اکنامک ورکنگ گروپ کے اجلاسوں کے انعقاد کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے گزشتہ دو سال کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر قیادت حاصل ہونیوالے پاکستان کے مالی استحکام اور قابل ذکر اقتصادی ترقی کی تعریف کی ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رچرڈ اولسن کی مستقبل کی سفارتی ذمہ داریوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہا رکیا ۔ واضح رہے کہ امریکہ نے رچرڈ اولسن کی جگہ ڈیوڈ ہیل کو پاکستان کیلئے نیا سفیر نامزد کیا ہے ۔