لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی نے قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی مدد سے گذشتہ 2 روز میں صوبے بھر سے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 182 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ محمد سے تعلق رکھنے والے 500افراد کی فہرست حساس اداروں اور سی ٹی ڈی کے خفیہ محکمہ نے مشترکہ طورپر تیار کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریجنل پولیس افسران کی کانفرنس کے دوران یہ طے پایا تھا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں کالعدم تنظیموں کے سرگرم کارکنوں کو گرفتار کیا جائیگا جس پر ان کیخلاف کارروائی کا آغاز ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے 182 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ دیگر افراد کی گرفتار ی کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں