کراچی(نیوز ڈیسک) سینٹرل جیل کراچی میں دوہرے قتل کے مجرم شاہد محمود کو پھانسی دیدی گئی جبکہ بہاولپور میں تہرے قتل کے مجرم تجمل کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ۔ جیل ذرائع کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں قید سزائے موت کے مجرم شاہد محمود کو اعلیٰ الصباح پھانسی دید ی گئی۔مجرم شاہد محمود نے انیس سواٹھانوے میں ڈکیتی مزاحمت پر ماں اور بیٹی کو قتل کیا تھا ۔ مجرم شاہد محمود کو انیس سو اٹھانوے میں پولیس نے گرفتار کیا اور ایک سال بعد دوہزار میں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر موت کا حکم سنایا ۔ سزاءپر عملدرآمد سے قبل ملزم کا طبی معائنہ کیاگیا اور ڈاکٹر کے سرٹیفکیٹ کے بعد مجرم کو تختہ دار پر لٹکایا گیا ۔ قانونی کارروائی کے بعد مجرم شاہد محمود کی لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی ۔ بہاولپور سینٹرل جیل میں تہرے قتل کے مجرم تجمل کو صبح سویرے تختہ دار پر لٹکا دیاگیا ۔ مجرم نے دوہزار چار میں تین خالہ زاد بہنوں کو قتل کیاتھا۔